اسلام آباد کا احتجاج آج بھی جاری رہے گا: تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس کا احتجاج جاری رہے گا اور آج وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ڈی چوک پہنچ جائیں گے۔
جماعت کے سیکریٹری انفارمیشن شیخ وقاص کا ایک ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع سے اسلام آباد پہنچنے والے لوگ اسلام آباد میں ہی احتجاج کریں گے۔ ’جو اسلام آباد کی طرف روانہ ہیں وہ بھی اسلام آباد کے ڈی چوک آ کر احتجاج کریں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ باقی لوگ اپنے اپنے اضلاع میں سنیچر سے احتجاج کریں گے۔ ’لاہور اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے لوگ آج مینار پاکستان کے احتجاج میں شامل ہوں گے۔‘
شیخ وقاص نے کہا کہ جلد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ڈی چوک پہنچ جائیں گے اور اس کے بعد اگلے لائحہ عمل کا وہاں سے اعلان کیا جائے گا۔
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے آج صبح ڈی چوک کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد پولیس اور ایف سی کے جوانوں کا مورال بہت بلند ہے۔ اسلام آباد پولیس اور ایف سی اہلکار ہمہ وقت الرٹ ہیں۔‘
پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستے بدستور بند ہیں۔
حکام کے مطابق 26 نمبر چونگی سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب اور ٹول پلازہ سے ایم ون کی جانب راستے کھول دیے گئے ہیں۔
ترنول کے مقام پر جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف کنٹینرتاحال موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔







