اگر اس مرتبہ ہار گیا تو دوبارہ صدارتی الیکشن نہیں لڑوں گا: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ کے سابق صدر اور 2024 کے صدارتی انتخاب میں رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ نومبر میں انھیں شکست ہوئی تو وہ 2028 میں دوبارہ اس میدان میں اترنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
78 سالہ ٹرمپ لگاتار تیسری مرتبہ صدارتی انتخاب میں رپبلکن پارٹی کے امیدوار بنے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکی قانون کسی ایک فرد کو دو سے زیادہ مرتبہ صدر بننے کی اجازت نہیں دیتا اس لیے فتح کی صورت میں بھی یہ ٹرمپ کا آخری دور ہو گا۔
سنکلیئر میڈیا گروپ کے ساتھ ایک انٹرویو میں، ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس سے شکست کی صورت میں ایک بار پھر صدارتی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں تو ان کا کہنا تھا ’نہیں، میں نہیں، مجھے یہ بالکل نظر نہیں آ رہا۔‘ لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’امید ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔‘
ٹرمپ نے ماضی میں شاذ و نادر ہی الیکشن ہارنے کے امکان کو تسلیم کیا ہے لیکن گذشتہ چار دن میں یہ دوسرا موقع ہے کہ انھوں نے شکست کے امکان پر بات کی ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو اسرائیلی-امریکن کونسل کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران، اس نے شکست کی بات کو اٹھایا، اور کہا کہ اگر ایسا ہوا تو اس کی وجہ جزوی طور پر یہودی ووٹروں کی غلطی ہو گی۔
امریکی ذرائع ابلاع کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’کیا وہ جانتے ہیں کہ اگر میں یہ الیکشن نہیں جیتتا تو کیا ہو رہا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس کا تعلق بڑی حد تک یہودی لوگوں سے ہو گا کیونکہ 40 فیصد حمایت کا مطلب ہے کہ 60 فیصد لوگ دشمن کو ووٹ دے رہے ہیں۔‘







