سیاسیات

آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج کے بجائے کل اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر کی زیرِ صدارت جاری ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔

دوسری جانب آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج کے بجائے کل اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئینی ترامیم بل 2 ارکان اسمبلی کے بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے آج پیش نہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ حمزہ شہباز فرانس سے اور مولانا عبدالغفور حیدری چین سے آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

اعلیٰ حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترامیم کل پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکیں گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل بروز اتوار بلائے جانے کا امکان ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری

دوسری جانب قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس میں آئینی ترامیم شامل نہیں ہیں۔

پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم ضمنی ایجنڈے کے تحت کسی بھی وقت اجلاس کے دوران لائی جا سکتی ہیں۔

قومی اسمبلی میں آئی پی پیز کو ناقابلِ برداشت استعدادی چارجز سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پر بحث ایجنڈے کا حصہ ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پیش کی جائے گی۔

آئینی ترامیم پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئینی ترامیم پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام 7 بجے وزیرِ اعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔

وزیرِ اعظم آئینی اصلاحات کے بارے میں پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button