ٹرین میں 11 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی، مسافروں نے ملزم کو تشدد کرکے مار ڈالا
بھارتی ریاست اتر پردیش میں ٹرین میں 11 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے ملزم کو لوگوں نے تشدد کرکے ہلاک کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریلوے میں کام کرنے والے ایک 34 سالہ پرشانت کمار نامی شخص نے لکھنؤ اور کانپور کے درمیان چلنے والی ٹرین میں مسافر 11 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی، جسے لوگوں نے پکڑ لیا اور اسے تشدد کرکے ہلاک کردیا۔
متاثرہ بچی کی والدہ نے بیٹی کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ درج کروادیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پرشانت کمار بچی کے اہلخانہ کے ساتھ ٹرین میں سوار ہوا تھا، اس نے دوران سفر 11 سالہ لڑکی کو اپنی برتھ دینے کی پیشکش کی اور اس کے بعد بچی کے ساتھ اس کی والدہ کی غیر موجودگی میں جنسی زیادتی کی،
متاثرہ لڑکی نے واقعہ کے بارے میں اپنے گھر والوں اور دیگر مسافروں کو بتایا، جس پر مشتعل مسافروں نے ملزم پر تشدد کیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کی والدہ نے پرشانت کمار کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کروائی تھی۔