آپ پہلے این او سی دیتے اور پھر پاؤں پکڑ کر جلسہ منسوخ کرواتے ہیں
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد پولیس پر جلسہ گاہ سے سامان ضبط کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت زبان کا استعمال کیا ہے۔
پشاور میں تاریخ کی پہلی میرا تھن ریس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’اسلام آباد میں پہلے جلسہ گاہ کی تبدیل کر کے ہمارے سامان کو ضبط کر کے ترنول تھانے منتقل کردیا گیا ہے، میں واضح بتارہا ہوں کہ ہمارا سامان واپس کرو ورنہ میں تھانے جاکر خود سامان نکال کر دکھاؤں گا‘۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو جگہ بتائی ہے وہاں پر ہمیں جلسے کیلیے سامان لگانے دو، ورنہ سامان اور جلسہ تو میں کروں گا، پولیس کو حکم دینے والے سُن لیں کہ یہ ملک اُن کے باپ کا نہیں ہے، آپ پہلے این او سی دیتے اور پھر پاؤں پکڑ کر جلسہ منسوخ کرواتے ہیں، یہ ہمارے لیڈر کا ظرف ہے جس نے حالات کی وجہ سے جلسہ منسوخ کیا اور پھر اب آپ ڈرامے کررہے ہیں۔