بنگلہ دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ شکست دے دی
بنگلادیش نے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیت لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز بنگلادیش نے 42 رنز بنا لیے بغیر کسی نقصان کھیل کا آغاز کیا تاہم 16 رنز کے اضافے پر بنگال ٹائیگرز نے ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان نجم الحسن شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے، مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے 32 کی شراکت داری قائم کرکے میچ جتوادیا۔
پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، ابرار احمد، سلمان علی آغا اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 172 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ مہمان ٹیم کو جیت کیلئے 185 رنز کا ہدف دیا تھا۔ خیال رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے گرین شرٹس کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا اس سے قبل پاکستان ناقابلِ شکست تھے۔
چوتھا روز
قومی ٹیم نے 9 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی اسکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی اسکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکے۔
نائب کپتان سعود شکیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 43 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور حسن محمود کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ 136 کے مجموعی اسکور پر محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔سلمان علی آغا جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری نہیں بنا سکا۔
بنگلا دیشی بولر حسن محمود نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔