دھونی بڑ اکرکٹر ہے لیکن اس نے میرے بیٹے کے ساتھ جو کیا وہ کبھی معاف نہیں کروں گا
سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے ایک بار پھر سابق کپتان ایم ایس دھونی پر وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھونی ایک بڑ اکرکٹر ہے لیکن اس نے میرے بیٹے کے ساتھ جو کیا وہ کبھی معاف نہیں کروں گا۔
یوگراج سنگھ بھارت کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور 6 ون ڈے کھیل چکے ہیں۔
یوگراج سنگھ کا کہنا تھا کہ’ایم ایس دھونی نے میرے بیٹے کا کیرئیر تباہ کیا، میں اُنہیں کبھی معاف نہیں کروں گا، دھونی کو شیشے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہیے اب سب کچھ سامنے آرہا ہے ، یہ کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’دھونی ایک بڑ اکرکٹر ہے لیکن اس نے میرے بیٹے کے ساتھ جو کیا وہ کبھی معاف نہیں کروں گا‘۔
یوگراج سنگھ کے مطابق’ میں نے اپنی زندگی میں دو چیزیں نہیں کیں جس نے کوئی کام غلط کیا ہو اسے کبھی معاف نہیں کیا اور دوسرا کبھی گلے نہیں لگایا ‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میرا بیٹا 4 ، 5 سال مزید کھیل سکتا تھا ، گوتم گھمبیر اور وریندر سہواگ کہہ چکے ہیں کوئی دوسرا یووراج سنگھ نہیں ہو سکتا، بیٹے کو کینسر کے ساتھ کھیلنے پر بھارت کو اسے بھارت رتنا ایوارڈ دینا چاہیے‘۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی یوگراج سنگھ سابق بھارتی کپتان دھونی پر بیٹے کو ٹیم سے نکالنے سمیت کئی الزام عائد کرچکے ہیں۔
یووراج نے 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کو ایک اوور میں 6 چھکے لگائے تھے جب کہ 2011 میں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور اس کے باوجود انہوں نے کرکٹ ورلڈکپ کھیلا اور بھارت کو ورلڈکپ جتوایا، یووراج ورلڈکپ 2011 کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔
تاہم 2012 میں کینسر سے نجات کے بعد انہوں نے دوبارہ کرکٹ میں واپسی کی اور پھر 2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔