پاک بنگلہ دیش دوسرا ٹیسٹ: پاکستان ٹیم کا مایوس کن آغاز
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم کی جانب سے کھیل کا آغاز مایوس کن رہا، اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے ٹیسٹ کا ٹاس 9بج کر 15 منٹ پر راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہوا جبکہ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز 9 بج کر 45 منٹ پر ہوا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا،میچ کے پہلے ہی اوور کی چھٹی گیند پر فاسٹ باؤلر تسکین احمد نے عبداللہ شفیق کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کی جانب سے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی، شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد اور نسیم شاہ کی جگہ میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شرف اسلام کی جگہ فاسٹ باؤلر تسکین احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نظر ہوگیا تھا، بارش کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا، تاہم آج راولپنڈی میں بارش کا امکان نہیں ہے۔
گزشتہ روز ’اے ایف پی‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ دونوں ٹیمیں اب بھی اپنے ہوٹل میں موجود ہیں اور امپائرز کو بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ کا معائنہ کرنا ہے، محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
25 اگست کو راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے طویل دورانیے کی کرکٹ میں پاکستان کو پہلی مرتبہ شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔
29 اگست کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا تھا جس میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہیں کیا گیا تھا تاہم میچ سے قبل فاسٹ باؤلر نسیم شاہ بھی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔