تین ادارے ، تین ڈاکٹر

محمد سہیل رانا
پنجاب حکومت کے عوامی منصوبوں اور ان کی تفصیل کو میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری جن اداروں پر ہے ان میں محکمہ تعلقات عامہ پنجاب، پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان لاہور سرفہرست ہیں ۔ یہ ادارے حکومتی کارکردگی اور فلاحی منصوبوں کو بروقت اور بہترین انداز میں عوام الناس تک پہنچانے کا موثر ذریعہ ہیں -محکمہ تعلقات عامہ قیام پاکستان سے پہلے سے ہی عوام کو حکومت پنجاب کے منصوبوں سے با خبر رکھنے کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان لاہور بھی اپنے قیام سے لے کر اب تک ا س ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں ۔
گزشتہ دنوں ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ انہوں نے 2006ء میں پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ایم بی اے فنانس کی ڈگری حاصل کی۔ 2009ء میں سکول آف انوائرنمنٹ، ایجوکیشن اینڈ ڈویلپمنٹ، یونیورسٹی آف مانچسٹر برطانیہ سے ایم ایس سی کیا جبکہ 2019ء میں سکول آف پبلک افیئرز پن سٹیٹ یونیورسٹی امریکہ سے پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ پالیسی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ 2018۔19ء کے دوران پنسلوینیا سٹیٹ یونیورسٹی امریکہ میں پولیٹیکل اکنامکس سسٹم، ہیلتھ سسٹم مینجمنٹ اور ہیلتھ ایڈمنسٹریشن اینڈ پالیسی کے شعبوں میں درس و تدریس سے بھی منسلک رہے ہیں جبکہ ان کے تحقیقی مقالے دنیا کے متعدد ریسرچ جنرلز میں شائع ہو چکے ہیں۔ ڈی جی پی آر تعینات ہونے سے قبل وہ سپیشل سیکرٹری محکمہ زراعت، ممبر ہیلتھ پی اینڈڈی پنجاب، سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، سی ای او پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، ڈی جی فیڈمک اور ڈی جی فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے علاوہ متعدد محکموں میں اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سے قبل ڈاکٹر اسلم ڈوگر وہ واحد ڈائریکٹر جنرل رہے ہیں جنہوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔ ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے جہاں ایک طرف مختلف میڈیا ہائوسز کے دوروں کا سلسلہ شروع کیا اور ان کے سربراہان سے پنجاب حکومت کی میڈیا کوریج کو مزید بہتر بنانے کے لئے تبادلہ خیال کیا وہیں انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن لاہور کا بھی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران میں بھی ان کے ہمراہ تھا۔ جنرل مینجر پی ٹی وی لاہور محترم قیصر شریف سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے دوران اس بات کا علم ہوا کہ قیصر شریف یونیورسٹی آف گجرات سے ماس
کمیونیکیشن کی ڈگری رکھتے ہیں ۔ انہوں نے میٹرک ڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد جبکہ ماسٹراورایم فل پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔ ڈاکٹر قیصر شریف نے 2005ء میں پی ٹی وی لاہور سے بطور پروڈیوسر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ۔ ان کے کریڈٹ پر ڈرامہ سے لے کر مارننگ شوز، میوزیکل شوز اوررمضان ٹرانسمیشن کے علاوہ دیگر بے شمار پروگرامز موجود ہیں ۔ انہیں دو دفعہ ریجنل پی ٹی وی ایوارڈ اور ایک دفعہ پی ٹی وی نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ آپ لاہور سینٹر میں بحیثیت پروگرام مینجر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔اس گفتگو میں مزید دلچسپی اس طرح پیدا ہوئی کہ دونوں اداروں کے سربراہان پی ایچ ڈی ڈاکٹر بھی تھے۔ اب گفتگو دلچسپ سے دلچسپ تر ہو تی گئی اور سامعین جن میں سینئر نیوز ایڈیٹر محمد شکیل ملک اور پی ٹی وی کے دیگر سینئر افسران شامل تھے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔
ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے ملک میں علم و اطلاعات کی فراہمی اور تفریح کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ حکومت کے فلاحی اقدامات کو عوام تک پہنچانے کا موثر ذریعہ ہے – پنجاب حکومت کے عوامی اور فلاحی منصوبوں کو بروقت عوام تک پہنچانے کے لئے محکمہ تعلقات عامہ اور پی ٹی وی کے درمیان تعاون روز بروز فروغ پا رہا ہے۔ ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا کہ عوام کو اطلاعات اور معیاری تفریح کی فراہمی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور پی ٹی وی نے اپنے پروگرامز خصوصا ڈراموں کے ذریعے عوام کی کثیر تعداد کو اپنا گرویدہ بنایا ہے۔ جنرل مینجر پی ٹی وی لاہور ڈاکٹر قیصر شریف نے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کو شعبہ نیوز، سٹوڈیوز، ٹیکنیکل ایریا، وی ٹی آر سسٹم، آرٹسٹ گیلری اور پی ٹی وی میوزیم کا دورہ کرایا اور پی ٹی وی کے پروگرامز اور آپریشنز کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
ایک ہفتے بعد ہی مجھے ڈی جی پی آر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم کے ہمراہ ریڈیو پاکستان کے دورے پر جانے کا اتفاق ہوا – اے ڈی جی پی آر عابد نور بھٹی، ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا احمد نعیم ملک بھی ہمراہ تھے۔ ریڈیو پاکستان لاہور کے اسٹیشن ڈائریکٹر احمر سہیل بسراء اور کنٹرولر نیوز سجاد پرویز نے ہماری ٹیم کا استقبال کیا۔ دوران گفتگو اس بات کا علم ہوا کہ اسٹیشن ڈائریکٹر احمر سہیل بسراء بھی ماس کمیونیکیشن میں پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہیں ۔ڈاکٹر احمر سہیل بسراء 2002 میں ریڈیو پاکستان کے ساتھ بطور پروگرام پروڈیوسر منسلک ہوئے اور ان کی پہلی تعیناتی لاہور کے تاریخی ریڈیو سٹیشن پر ہوئی۔ یہاں انہوں نے پنجابی دربار اور سوہنی دھرتی جیسے اہم پروگرام تخلیق کیے۔ اس کے علاوہ 2017 میں بہترین ڈرامہ پروڈیوسر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے اب تک لاتعداد ڈاکیومنٹریز، فیچر، اور شوز پروڈیوس کیے ہیں۔ ریڈیوپاکستان لاہور کے علاوہ وہ ریڈیو پاکستان اسلام آباد میں بطور پروگرام مینجر اور گلگت
اور سکردو میں بطور سٹیشن ڈائرکٹر تعینات رہے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ابلاغیات میں ایم اے کیا اور پھر گجرات یونیورسٹی سے اسی مضمون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس مرتبہ بھی گفتگو ہمہ جہت اور مزید دلچسپ ہوتی گئی کیونکہ دونوں اداروں کے سربراہان کی درمیان قدر مشترک ایک بار پھر پی ایچ ڈی ڈگری تھی۔
ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے اس موقع پر کہا کہ ریڈیو آج بھی عوام تک صحت مند تفریح کے ساتھ ساتھ لمحہ بہ لمحہ کی صورتحال پہنچانے کا موثر ذریعہ ہے۔ دشمن کے خلاف جنگ ہو یا نظریہ پاکستان اور وطن سے محبت، ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ شاندار کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آپس میں مضبوط رابطہ ہماری پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کا باعث بنے گا۔ ڈی جی پی آرنے ریڈیو پاکستان کے مختلف سٹوڈیوز اور دیگر شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے وہاں رکھے تاریخی ریڈیو سیٹ اور موسیقی کے آلات کو بڑی دلچسپی سے دیکھا۔ ڈاکٹر احمر سہیل نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ڈی جی سعید احمد شیخ اور ڈائریکٹر پروگرام راحیلہ تسمیم کے ویژن کے مطابق ریڈیو کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے شوبز اور شعر و ادب کی بڑی قدآور شخصیات پیدا کی ہیں۔ 1965ء کی جنگ ہو یا 1971ء کی، ریڈیو پاکستان نے پاک افواج کے حوصلے بلند رکھنے میں ہر اول دستے کا کام کیا۔ اب بھی دنیا بھر کی خبریں ہوں، موسیقی ہو، کاشتکاروں کی رہنمائی ہو یا مذہبی پروگرام، ریڈیو پاکستان ہمیشہ آگے نظر آتا ہے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں رکھے قدیم ریڈیو سیٹ، لائبریری اور دیگر قدیم مشینری کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایم چینل آنے سے ریڈیو کے سامعین میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور ڈی جی پی آر کا تعلق ہمیشہ سے مثالی رہا ہے جوان شاء اللہ آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہو گا۔محکمہ تعلقات عامہ پنجاب، پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان لاہور کی عمارتیں جغرافیائی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں -تینوں اداروں کی دیواریں ایک دوسرے سے متصل ہیں اور اب ایسا حسن اتفاق پیدا ہوا ہے کہ تینوں اداروں کے سربراہان پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہیں ۔ یہ ایک ایسا حسن اتفاق ہے جس کی نظیر اس سے پہلے شاید ہی ملے ۔ امید کی جا سکتی ہے کہ تینوں اداروں کے یہ پی ایچ ڈاکٹر سربراہان اپنی قابلیت کو اداروں کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین انداز میں استعمال میں لائیں گے اور ان کی صلاحیتیں پنجاب حکومت کی بھرپور میڈیا کوریج میں مزید اضافے کا باعث بنیں گی۔







