پاکستان کے اب تک کے اولمپکس مقابلوں میں جیتےگئے میڈلز کی تعداد کتنی ہوگئی؟
پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا ہے جس کے بعد پاکستان کے اب تک کے اولمپکس مقابلوں میں مجموعی میڈلز کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
پاکستان نے اولمپکس میں اب تک 11 میڈلز جیتے ہیں جن میں 4 گولڈ، تین سلور اور چار کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
پاکستان نے اولمپکس میں آخری مرتبہ کوئی بھی میڈل 1992 میں جیتا تھا جب بارسلونا میں ہونے والے ہاکی کے مقابلے پاکستان کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک پاکستان کے تمام گولڈ میڈلز فیلڈ ہاکی کے ذریعے آئے تھے اور یہ پہلی بار ہے کہ ارشد ندیم نے ملک کے لیے پہلا انفرادی گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔
ان سے قبل مجموعی طور پر پاکستان کے پاس صرف دو انفرادی تمغے تھے، ریسلنگ میں محمد بشیر نے 1960 میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ حسین شاہ نے 1988 کے سیئول اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا