پیرس اولمپکس میں اسرائیلی ٹیم کی فلسطین کے نعروں سے تواضع
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں جہاں آنکھوں کو خیرہ کر دینے کئی مناظر دیکھنے کو ملے وہیں جمعہ کو ہونے والی اس تقریب میں جیسے اسرائیل کا دستہ منظرعام پر آیا تو لوگوں نے فلسطین، فسلطین کے نعرے بلند کردیے۔
پیرس اولمپکس کی رنگارنگ تقریب کھلے آسمان تلے فرانسیسی دارالحکومت کے تاریخی دریائے سین میں منعقد کی گئی جہاں 6 کلومیٹر پر محیط انتظامات میں تمام ملکوں کے دستے ایک، ایک کر کے کشتیوں پر گزرتے رہے۔
یہ اولمپک کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ جب افتتاحی تقریب کسی اسٹیڈیم میں منعقد نہیں کی گئی اور مسلسل بارش کے باوجود 100 سے زائد ملکوں کے 3 لاکھ سے زائد شائقین اس موقع پر اپنے ملک کے دستوں کی حوصلہ افزائی کے لیے وہاں موجود تھے۔
افتتاحی تقریب کے دوران اس وقت جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے جب اسرائیل کے دستے کے سامنے آتے ہی شائقین نے ’فلسطین، فلسطین‘ کے نعرے لگا دیے اور اسرائیل کے دستے کے جانے تک وہاں یہ نعرے گونجتے رہے۔