پی ٹی آئی ارکان کا پارٹی وابستگی کے حلف نامے جمع کرانے کا سلسلہ جاری

مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان کی جانب سے پارٹی وابستگی کے حلف نامے جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے مخصوص نشستوں کے کیس میں 15 دن کے اندر بیان حلفی جمع کرانے کے فیصلے کے بعد اب تک 35 ارکان قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے وابستگی کے حلف نامے جمع کرادیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب سے 100 سے زائد ارکان صوبائی اسمبلی نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی اور اپنے حلف نامے جمع کرادیے، جب کہ سندھ کے 9 ایم پی ایز نے بھی وابستگی سرٹیفکیٹ پارٹی کو جمع کرادیا ہے۔
دوسری جانب، وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور حلف نامے کے معاملے پر شش وپنج کا شکار ہیں، جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، سیکریٹری جنرل عمر ایوب اور علی اصغر نے تاحال وابستگی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرائے۔
پی ٹی آئی قیادت کی پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ سے متعلق مشاورت کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دے دیا تھا۔
14مارچ کو پشاور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے متفقہ طور پر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کوقومی و صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشست ملے گی، اکثریتی فیصلے میں 39 ارکان کو پی ٹی آئی کا منتخب رکن قومی اسمبلی قراردے دیا گیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق باقی 41 ارکان 15 دن میں بیان حلفی جمع کراکر سیاسی جماعت کا حصہ بن سکتے ہیں اور اگر سیاسی جماعت انہیں اپنا رکن قرار دیتی ہے تو یہ نشستیں اس جماعت (یعنی پی ٹی آئی) کی تصور ہوں گی۔







