تحریکِ انصاف کے سیکرٹری جنرل عُمر ایوب نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا

پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکرٹری جنرل عُمر ایوب خان نے اپنے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ ’میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کا بے حد مشکور ہوں کہ انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے میرا استعفیٰ قبول کیا تاکہ اب میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے اپنے کردار پر توجہ مرکوز کر سکوں۔‘
اُن کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’میں نے 22 جون 2024 کو اپنا استعفیٰ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو بھیجوا دیا تھا۔ تاہم آج سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران عمران خان تک میرا پیغام پہنچایا۔‘
ایکس پر اپنے بیان میں سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عُمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ ’آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کے مطابق پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے میں مزید تبدیلیاں کی جائیں گی۔ میں پی ٹی آئی کے تمام افراد، پارلیمنٹیرینز اور تنظیم کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے لئے انتھک محنت کی اور بے پناہ مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔







