سیاسیات

حکومت کی کوشش ہو گی کہ جتنی دیر ممکن ہو عمران خان کو اندر رکھا جائے: رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ ملک کو غیر مستحکم کرنا اور افراتفری پھیلانا ہے، اس لیے ’حکومت کی کوشش ہو گی کہ انھیں جتنی دیر بھی ہو پابند رکھا جائے۔‘

 وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے الزام لگایا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک میں افراتفری اور فتنہ پھیلانا ہے اور ملک کے بہتری اسی میں ہے کہ عمران خان کو پابند رکھا جائے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جائز اور قانونی ذرائع سے جو کیس بنتے ہیں وہ ضرور بنیں گے۔

 اس سوال پر کہ آٹھ فروری کو مینڈیٹ تو عمران خان کو ملا، آپ کسی کو زبردستی تو جیل میں نہیں رکھ سکتے، کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا ’ہم زبردستی نہیں بلکہ آئین و قانون کے مطابق عمران خان کو اندر رکھیں گے۔ اس سے پہلے بھی جو مقدمات ان کے خلاف بنے وہ آئین و قانون کے مطابق بنے جبکہ سزائیں بھی عدالت سے ہی ہوئی ہیں۔‘

رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ جب عدم استحکام کا ووٹ ہوا، تو عمران خان کی جماعت نے پارلیمان کا بائیکاٹ کیا۔

’انھوں نے استعفیٰ دیا، لانگ مارچ کیا، لانگ مارچ ناکام ہوا تو اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا، اس سے بات نہیں بنی تو حکومت توڑنے کی کوشش کی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ووٹ ہمیں بھی ملا، مینڈیٹ ہمیں بھی ملا لیکن کسی کو ملک کو نقصان پہنچانے اور افراتفری کا مینڈیٹ نہیں ملا۔ اگر کوئی مینڈیٹ حاصل کر کے ایسا کام کرتا ہے تو وہ اس مینڈیٹ کی خلاف ورزی کرتا ہے۔‘

’عمران خان نے اس سے پہلے بھی نو مئی کے واقعات، لانگ مارچ اور عدلیہ پر حملے کے ذریعے مینڈیٹ کی خلاف ورزی کی۔‘

جواب دیں

Back to top button