ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی خبر پر ردِ عمل دیتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ ایرانی صدر اور وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر رہنماؤں کی خیریت کے لیے دعا گو ہیں۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔
اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ابھی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے آنے والی ایک پریشان کُن خبر سُنی ہے۔‘
’انتہائی پریشانی کی حالت میں، میں ایک اچھی خبر کا منتظر ہوں کہ سب ٹھیک ہے۔‘
’ایکس‘ پر جاری بیان میں انھوں نے مزید لکھا کہ ’ہماری دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔‘
دوسری جانب پاکستانی صدر علی آصف زرداری نے بھی’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں لکھا ہے کہ وہ ایرانی صدر کی خیریت اور حفاظت کے لیے دعا گو ہیں تاکہ وہ ایرانی قوم کی خدمت کرتے رہیں۔