کون سی 3 اہم خوبیاں انسان کو کامیاب ترین شخص بنا سکتی ہیں؟
کامیاب لوگوں میں کچھ ایسی خوبیاں اور عادات ہوتی ہیں جو دنیا میں نہ صرف مالی بلکہ سماجی برتری حاصل کرنے کے لیے بھی بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اس بات کی نشاندہی ماہرین نفسیات نے کی ہے جو کسی بھی ایسے انسان کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں جو زندگی میں کامیاب ہونا چاہتا ہے۔
امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، جب کوئی شخص زندگی میں کچھ حاصل کرنے کی اپنی صلاحیت پر مسلسل شک کرتا ہے تو اس طرح اس کی مقاصد حاصل کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور اس میں خود اعتمادی کم ہونے لگتی ہے۔
یہاں ہم کامیاب لوگوں کی ان 3 اہم خصوصیات پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں جن کی ماہرین نفسیات نے نشاندہی کی ہے۔
خود اعتمادی
جرنل آف جنرل انٹرنل میڈیسن ریسرچ میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے 80 فیصد سے زیادہ لوگوں کو ’امپوسٹر سنڈروم‘ کا سامنا ہے جو خود اعتمادی میں کمی کا باعث بنتا ہے اور پھر انسان اپنی صلاحیتوں پر شک کرنے لگتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک بار اگر انسان اپنے اس رویے کو پہچان لے اور خود اعتمادی کو کم نہ ہونے دے تو زندگی میں کامیابی کا سفر آسانی سے طے کر سکتا ہے۔
دوسروں سے اپنا موازنہ کرنے سے گریز کریں
آج کے جدید دور میں لوگ سوشل میڈیا پر صرف اپنی کامیابیوں کو ظاہر کرتے ہیں اور دوسروں کو خود سے موازنہ کرنے پر اکساتے ہیں۔
اس حوالے سے یلے یونیورسٹی کی لیکچرر ایما سیپلا کا کہنا ہے کہ اپنی خوبصورتی اور صلاحیتوں کا موازنہ کبھی دوسروں کی خوبصورتی اور صلاحیتوں سے نہ کریں بلکہ صرف خود پر توجہ مرکوز رکھیں۔
تنقید کو مثبت نظریے سے دیکھیں
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر انسان ہمیشہ اپنے نقطۂ نظر اور خیالات پر ہی بضد رہے گا اس کی سیکھنے کی صلاحیت محدود ہو جائے گی اس لیے انسان کو خود پر ہونے والی تنقید سے سیکھنا چاہیے اور دوسروں سے ملنے والی رائے کے ذریعے اپنے اندر بہتری لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔