امریکہ:اسرائیل پر ایران کے فضائی حملے کا آغاز ہوگیاہے, اسرائیل کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایڈرین واٹسن نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف فضائی حملے کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسرائیل نے ہفتے کو دیر گئے کہا تھا کہ ایران نے اس پر حملے کے لیے درجنوں ڈرونز روانہ کیے ہیں جو آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پہنچیں گے۔
امریکی ترجمان کے بقول صدر بائیڈن کا مؤقف واضح ہے کہ اسرائیل کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ امریکہ اسرائیل کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ایران کی جانب سے لاحق خطرات کے مقابلے میں اسرائیل کا دفاع کرے گا۔
ترجمان ایڈرین واٹسن نے ایک بیان میں مزید کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کو صورتِ حال سے مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے اور امریکی صدر کی سیکیورٹی ٹیم اسرائیل اور اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے بھی اسرائیل پر حملے کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کا دفاعی نظام اس حملے کے مقابلے کے لیے تیار ہے اور خطرے کا شکار علاقوں میں سائرن کے ذریعے لوگوں کو خبردار کر دیا جائے گا۔







