Column

عام آدمی بنام سپہ سالار !!

امجد آفتاب
پاکستان میں ایک عجیب سلسلہ چل پڑا ہے، بالخصوص کچھ مخصوص سیاسی حلقوں میں یہ بطور فیشن ٹرینڈ کر رہا ہے کہ اپنی افواج کیخلاف لوگوں کے دلوں میں نفرت پیدا کریں اور یہ سلسلہ متواتر کافی عرصے سے چل رہا جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ سیاسی شعبدہ باز اپنے اس ناپاک عزائم کو مکمل کرنے کے لئے سوشل میڈیا استعمال کرنے والے نوجوانوں کا مکمل استعمال کر رہی ہے۔
ہمارے کچھ بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو اندازہ ہی نہیں کہ وہ کن کے آلہ کار بن رہے ہیں جو مخصوص ذاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے ان کا استعمال کر رہے ہیں۔
یہ بات تو واضح ہے کہ پاکستان کے قیام کے بعد سے ہی دشمن اسے دنیا کے نقشے سے مٹانے کے لیے مذموم مشن پر لگ گیا، ہم پر جنگیں مسلط کی گئیں، ملکی سلامتی کے ضامن ادارے پاک افواج کے کرارے جواب کے باعث ہر بار منہ کی کھانی پڑی ان کو خفتگی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ۔
ہماری عظیم پاک فوج دشمن کے ہر وار کو ناکام بنانے کے لیے ہر وقت چوکس و تیار تھی اور الحمدللہ اب بھی ہر وقت تیار ہے۔ پاک فوج اپنے وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کر رہی۔
دشمنان پاکستان نے اپنے تمام ایڈونچرز اور وار کی ناکامی کے بعد ملک میں بدامنی کو ہوا دی، بڑھاوا دیا۔ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے اب ملک پاکستان میں امن و امان کی صورتحال کو ابتر بنانے کے مذموم ایجنڈے پر کاربند ہے۔ ملک خداداد میں دہشتگردی کے واقعات کروا کے بے گناہ اور معصوم شہریوں کو زندگیوں سے محروم کیا گیا۔
دشمنان پاکستان کا یہ مذموم نیٹ ورک کو توڑا گیا، ایجنٹس اور ان کے کارندے پکڑے گئے۔ یہ ہتھکنڈا بھی سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا ڈالا۔ اس کے بعد دشمن نے ملک پر ہائیبرڈ وار مسلط کی۔ سوشل میڈیا پر پاکستان کا امیج خراب کرنے کے لیے مذموم ہتھکنڈے استعمال کئے۔ ملکی سلامتی کے ادارے کے خلاف مذموم پوسٹوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ اندرون اور بیرون ملک اپنے زر خریدوں کے ذریعے کتابیں لکھوائی، بیان دلوائے گئے۔ سوشل میڈیا پر دھما چوکڑی سجانے کی کوششیں کی گئیں۔
اب ملک میں الیکشن کا دور دورہ ہے، پاکستان سے متعلق مسلسل جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، پراپیگنڈوں کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے۔ لوگوں کے ذہن میں مایوسی پھیلائی جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں کچھ دن پہلے آرمی چیف نے کھل کر اظہار کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کر کے جھوٹی خبروں کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ریاست اپنی وجود کھوتی جا رہی ہے۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل فارمرز کنونشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں لیکن آپ کو معلوم ہونا چاہیے کلمہ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان یہ محض اتفاق نہیں ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سر کوبی کریں گے۔
یہ وہ پیغام ہے جو چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے واضح انداز میں دیا۔ سپہ سالار نے دشمنان پاکستان ان کے کارندوں اور ایجنٹوں کو ہمیشہ للکارا ہے اور ان کی سرکوبی کے لیے عملی اقدامات بھی کئے ہیں جس کی بدولت پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر اور معاشی اہداف کو خوش اسلوبی سے پورا کیا جا رہا ہے ۔
اسی اثنا میں پاکستان کا ’’ عام آدمی‘‘ بھی آرمی چیف سید عاصم منیر صاحب کو ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہے چاہتا کہ سپہ سالار صاحب آپ کے اس مشن کے ساتھ پاکستان کا ’’ عام آدمی‘‘ آپ کے اور غیور و بہادر پاک افواج کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ پاکستان کا عام آدمی آج جان چکا ہے کچھ بھٹکے ہوئے لوگ اور کچھ دانستہ طور پر اپنے ملک اور اپنی افواج کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش میں لگے ہوئے ہیں مگر پاکستان کا عام آدمی اور محب وطن پاکستانی اپنے ملک اور اپنی بہادر افواج کا ہر محاذ پر دفاع کریں گے ۔
قوم اپنی غیور افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ پاکستان کے دشمنان جو پاکستان کی سلامتی اور عزت پر بیرونی طور پر حملہ آور ہیں یا اندرونی طور پر پاکستان کا عام آدمی اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کا مقابلہ کرے گا، ان کے ہر مذموم مقاصد کو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔
جناب سپہ سالار سید عاصم منیر صاحب پاکستان کا عام آدمی بخوبی جانتا ہے کہ ملک کی سلامتی کی ضامن افواج پاکستان ہے۔
ہمارے فوجی جوان دن رات بارڈر پر اپنے ملک کی سلامتی کے لیے ہر وقت چوکس و تیار کھڑے ہیں۔ گرمی ہو یا سردی آندھی ہو یا کوئی طوفان ہمارے کڑیل جوان دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت الرٹ کھڑے ہیں۔ عام آدمی بخوبی جانتا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وجہ سے ہمارے فوجی جوانوں اور دیگر قانون نافذ کرنے اداروں کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اپنے ملک کا دفاع کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہزاروں معصوم شہریوں نے بھی اپنے وطن پر جانیں قربان کی ہیں حتی کہ معصوم بچوں نے بھی ملک میں جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔
عام آدمی بخوبی جانتا ہے کہ اتنی بڑی قربانیوں کے بعد ملک میں امن و امان قائم ہوا ہے۔ جو دشمنان پاکستان کو کسی صورت ہضم نہیں ہو رہا اس لیے انہوں نے ملک کے اندر سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کرائے تاکہ اپنی افواج کے سامنے اپنے عام عوام کو لایا جا سکے۔
الحمد للہ دشمنان پاکستان کا یہ منصوبہ بھی ہماری غیور افواج اور انٹیلجنس اداروں نے ناکام بنا دیا اور دشمنان پاکستان کے اس مذموم مقصد کو ناکام بنانے کے لیے پاکستان کا عام آدمی بھی اپنی افواج کے ساتھ ان کی صف میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا تھا۔
سپہ سالار سید عاصم منیر صاحب آپ پاکستان کے عام آدمی کی طرف سے ایک واضح پیغام ہماری افواج پاکستان کے جوانوں تک پہنچا دیں جو چوبیس گھنٹے ملک کے دفاع کے لیے چوکنا کھڑے ہیں کہ پاکستان کا عام آدمی آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہے، ملک کی خاطر آپ کی قربانیوں کو سر خم تسلیم کرتا ہے، آپ کے ساتھ دل و جان سے محبت کرتا ہے، آپ پر فخر کرتا ہے، آپ ہی ہمارے حقیقی ہیرو ہو، آپ ہی ہمارے ملک کے ضامن ہو۔ پاکستان کا عام آدمی آپ سے وعدہ کرتا ہے وہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے اور آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
پاکستان کا عام آدمی آپ سے یہ بھی وعدہ کرتا ہے کہ سانحہ 9مئی میں ملوث بیرونی اور اندرونی کرداروں کو نہ تو کبھی فراموش کرے گا اور نہ ہی ان کو معاف کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button