Column

غزہ آخری چیخ کا انتظار؟

رائو غلام مصطفیٰ

21مئی 2021ء کو جمعہ کی شب رات گئے جب غاصب اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر جنگ مسلط کی گئی تو گیارہ روز کے بعد مصر اور امریکہ کی ثالثی کے نتیجے میں جنگ بند ہو گئی تھی مصر اور امریکہ کی ثالثی کے نتیجہ میں اسرائیل نے جنگ بندی کی پیش کش کی تو حماس نے اس پیش کش کو دو شرطوں کے ساتھ قبول کر لیا دو شرطوں میں مسجد اقصیٰ میں فوجی دخل اندازی سے گریز اور شیخ جراح کے علاقے سے تین مسلم خاندانوں کو زبردستی بے دخل کرنے سے گریز شامل تھیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس نیو یارک میں منعقد ہوا تھا اوراس اجلاس میں عرب اور مسلم ممالک شامل تھے اور جن میں ترکی، پاکستان، ملائشیا، انڈونیشیا، برونائی پیش پیش تھے اس کے علاوہ چین اور روس جیسی طاقتیں بھی مسلم ممالک کے ساتھ کھڑی نظر آئیں۔ اجلاس میں ترکی، پاکستان، ملائشیا، ایران اور فلسطین کے نمائندوں نے اسرائیلی دہشت گردی کو بے نقاب کرتے ہوئے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا تھا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت پر زور دیا تھا کہ مشرقی بیت المقدس میں یہودی آباد کاری کی کارروائیاں اور مسلمانوں کے مکانوں کی مسماری اور باشندوں کی جبری بے دخلی سے باز آئے۔ عالمی برادری کے دبائو اور فلسطینی مسلمانوں کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننے پر اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پڑ گئے۔ گیارہ دن کے بعد جنگ بندی ہو گئی 232فلسطینی مسلمان اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ میں شہید ہو گئے جن میں 65بچے بھی شامل تھے۔ اس جنگ میں اسرائیلی فوج کی صرف بارہ ہلاکتیں ہوئیں اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کس قدر غیر متوازن ٹکرائو ہوا اور فلسطینیوں کا جو نقصان ہوا اس کا اندازہ لگانا دشوار ہے۔ فلسطین میں دیرپا مستقل امن کے لئے عالمی قوتوں اور مسلم ممالک کو ٹھوس لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے یہ فکر مند سوالات جواب طلب ضرور ہیں کہ توسیع پسند، جارح، بد مست اسرائیل کو لگام کیسے دینی ہے تاکہ دوبارہ فلسطینی مسلمانوں پر اسے ظلم کرنے سے باز رکھا جا سکے؟۔
اسرائیل کے فلسطین پر کیے گئے مظالم کی تاریخ بڑی طویل ہے یہ بھی ایک تلخ سچائی ہے کہ عالمی امن کی پاسبان و نگہبان کہلانے والی جملہ بڑی طاقتیں اسرائیلی جارحیت کو لگام کسنے کی قوت سے کیوں محروم ہیں اور یہ صورتحال فلسطین میں قیام امن کے لئے بڑی تشویشناک ہے اور یہی وجہ ہے کہ درندہ صفت منہ زور اسرائیل کسی نہ کسی بہانے مظلوم و مقہور فلسطینیوں پر وقفے وقفے سے مظالم ڈھاتا رہتا ہے۔ مسلم ممالک کے حکمرانوں میں کیا اتنی اخلاقی جرات ہے کہ بے شرم عالمی قوتوں سے پوچھ سکے کہ غزہ میں دس ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا اس سے بڑھ کر حیوانیت کیا ہو گی۔7اکتوبر 2023ء سے اب تک غزہ میں جارح اسرائیل نسل کشی پر عمل کرتے ہوئے بڑی تعداد میں معصوم بچوں کو شہید کر چکا ہے غزہ میں جو تباہی اور شہداء کی تعداد اب تک سامنے آئی ہے وہ اعداد و شمار بڑے ہولناک ہیں۔ غزہ میں ایک ماہ سے زائد اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ میں دس ہزار سے زائد مسلمان شہید ہو چکے ہیں جس میں بڑی تعداد بچوں کی ہے غزہ میں ہر روز 136معصوم بچے اسرائیل کی جارحیت کا نشانہ بن کر شہید ہو رہے ہیں۔ عرب میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق شام کی گیارہ سالہ جنگ مین ایک روز میں تین بچے، افغانستان کی بارہ سالہ جنگ میں روزانہ دو بچے، یمن کی ساڑھے سات الہ جنگ میں دو روز میں تین بچے، عراق کی چودہ سالہ جنگ مین دو روز مین ایک بچہ، یوکرین کی اکیس ماہ کی جنگ میں دو روز میں ایک بچہ جاں بحق ہوا۔ دوسری جانب ڈیفنس فار چلڈرن انٹرنیشنل فلسطین نامی این جی او نے بتایا کہ 1967ء سے7اکتوبر 2023ء سے قبل مغربی کنارے اور غزہ میں جتنے بچے شہید ہوئے اس سے دو گنا زائد بچے ایک ماہ مین شہید ہو چکے ہیں۔ امریکہ سمیت ان تمام اسرائیل نواز طاقتوں سے دریافت کرنا ایسے میں لازمی ہے کہ حق دفاع کے نام پر خواتین، بچوں، بزرگوں اور عام فلسطینیوں کے قتل عام کا لائسنس اسرائیل کو کس نے دیا؟ امریکہ سمیت اسرائیل کی پشت پر کھڑی عالمی طاقتیں ( حماس کو دہشت گرد قرار دے کر بھی) فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام کو جائز قرار نہیں دے سکتیں مسلم امہ کے حکمرانوں کی بے حسی دیکھئے کہ ظالم کو ظالم اور قاتل کو قاتل کہنے کی ان میں جرات نہیں ہے۔ امن عالم کے ٹھیکیداروں میں سے کسی نے بھی عام فلسطینیوں کے قتل عام پر نہ تو اسرائیلی جارحیت، دہشتگردی کی سرزنش کی ہے اور نہ ہی اسے جنگی جرائم کا گنہگار ٹھہرایا ہے جو اس بات پر مہر تصدیق ہے کہ عالمی قوتوں کی نظر میں فلسطینیوں کی زندگی کیا معنی رکھتی ہے۔ عالمی قوتوں کا اسرائیل کو فلسطینی مسلمانوں کے خلاف تشدد، دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں سے روکنے کی بجائے حمایت کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ امریکہ سمیت عالمی صیہونی و دجالی قوتوں کے ہاتھ فلسطینی مسلمانوں کے خون ناحق سے رنگے ہوئے ہیں۔
ان حالات میں فلسطین میں امن کا ضامن کون بنے گا بظاہر حالات ایک بار اس خون ریز جنگ کو تو روک سکتے ہیں لیکن اس بات کی ضمانت کوئی بھی عالمی ادارہ اور قوتیں دینے سے قاصر ہیں کہ مستقبل میں اسرائیل دوبارہ ایسی سفاک اور ناپاک حرکت نہیں دہرائے گا جس سے مسلم امہ کے دل رنجیدہ ہوں۔ فلسطین کے ساتھ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کا مسئلہ زندگی موت کے ساتھ جڑا ہوا ہے فلسطین کسی بھی ایک مسلم ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ تمام امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ابھی موقع ہے مسلم ممالک کو اپنی صفوں میں دراڑوں کو ختم کرتے ہوئے دنیاوی مفادات کو پس پشت ڈال کر فلسطینی مسلمانوں کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے جو اسرائیل کی جارحیت اور قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لئے اسرائیل کے خلاف کل کی طرح آج بھی سیسہ پلائی دیوار کی مانند قوت ایمانی کے ساتھ کھڑے ہیں۔عرب اور مسلم ممالک کو چاہیے کہ اتحاد کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور انصاف پسند ممالک کو ساتھ لے کر جارح اسرائیل کو اس بات پر آمادہ کرے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر242(1967ئ) کے مطابق 1967ء کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران قبضہ میں لئے گئے فلسطینی علاقے خالی کرے پھر آزاد فلسطین ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔ اگر اسرائیل اس پر آمادہ نہیں ہوتا تو مسلم ممالک کو چاہئے کہ عالمی سطح پر اسرائیل کا بائیکاٹ کیا جائے مسلمانوں کے قبلہ اول اور فلسطینی مسلمانوں کے خلاف صیہونی و دجالی قوتیں ایک بھیانک سازش پر عمل پیرا ہیں جس کا حل وقت کی اشد ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے حکمران اپنے گریبانوں کو ٹٹولیں وہ غیرت ایمانی کی کس سطح پر کھڑے ہیں فلسطینی مسلمانوں کی حفاظت کے لئے کیا کردار ادا کر رہے ہیں یا بے حس بن کر غزہ میں اسرائیل کی جانب سے برپا کی گئی سلگتی قیامت کے شعلوں سے اٹھنے والی آخری چیخ کا انتظار کر رہے ہیں؟۔

جواب دیں

Back to top button