مرحوم اداکار وحید مراد کی بیوہ سلمیٰ مراد انتقال کر گئیں

پاکستان کے پہلے رومانوی چاکلیٹی ہیرو کہلانے والے مرحوم اداکار وحید مراد کی بیوہ سلمیٰ مراد طویل العمری سمیت طبی مسائل کے باعث انتقال کر گئیں۔
وحید مراد کے بیٹے نے فیس بک پوسٹ میں اپنی والدہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ 13 اکتوبر کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انتقال کر گئیں اور ان کی تدفین 14 اکتوبر ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی ڈی ایچ اے کے قبرستان میں کی گئی۔
انہوں نے والدہ کے انتقال کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم رپورٹس ہیں کہ سلمیٰ مراد طویل العمری کے باعث متعدد طبی مسائل کا شکار تھیں۔
وحید مراد نے کیریئر کے آغاز میں ہی سلمیٰ مراد سے 1960 کے بعد شادی کی تھی اور دونوں کو تین بچے تھے، جس میں سے ایک بیٹی پیدا ہوتے ہی انتقال کر گئی تھیں۔ وحید مراد نے شادی کے بعد ہی کیریئر کا عروج دیکھا اور شادی شدہ زندگی میں ہی اس وقت کی مقبول اور بولڈ اداکاراؤں کے ساتھ فلمیں کیں اور ان کی جوڑی کو تقریبا ہر اداکارہ کے ساتھ سراہا گیا۔
اگرچہ زندگی میں وحید مراد کے دیگر اداکاراؤں کے ساتھ سکینڈلز کی خبریں سامنے آتی رہیں لیکن اس باوجود اداکار اور ان کی اہلیہ کے درمیان کبھی کوئی اختلاف نہیں ہوا تھا۔







