
آئی سی سی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر میزبان بھارت کے خلاف بیٹنگ شروع کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آج ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر پانچواں میچ کھیلا جا رہا ہے۔ چنائی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ سے ریکارڈ 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور دو بار کی چیمپئن میزبان بھارت میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کیا ہے
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر میزبان کے خلاف پہلے بیٹنگ شروع کر دی ہے اور 5 اوورز کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنا لیے ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگ کا آغاز کیا لیکن 5 کے مجموعی اسکور پر مچل مارش کو بمراہ نے کوہلی کی مدد سے قابو کر لیا۔ کریز پر وارنر 5 رنز کے ساتھ موجود ہیں جب کہ نئے آنے والے اسٹیون اسمتھ نے آتے ہی دو چوکے رسید کرنے کے ساتھ 11 رنز بنا رکھے ہیں۔
اس سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے۔ کوشش کریں گے کہ اس پچ پر اچھا اسکور کریں۔
بھارت کو آج ان فارم اوپنر شبھمن گل کی خدمات حاصل نہیں ہیں وہ ڈنگی میں مبتلا ہونے کی وجہ سے میچ نہیں کھیل رہے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے بتایا کہ شبھمن گل کی جگہ ایشان کشن اوپننگ کریں گے۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:
ٹیم انڈیا:
روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، ہاردیک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، روی چندرن ایشون، کلدیپ یادیو، جسپرت بمراہ، محمد سراج
ٹیم آسٹریلیا:
پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، مارنوس لبھوشن، گلین میکسویل، ایل کریو، کیمرون گرین، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہزل ووڈ۔
دونوں ٹیموں کے باہمی میچز پر نظر ڈالی جائے تو میگا ایونٹ سے قبل باہمی سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں بھارت نے فتح سمیٹی تاہم آخری مقابلہ آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔
چنئی میں اب تک بلو شرٹس نے 14 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے اور 7 میں کامیابی حاصل کی، دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم نے 6 میں سے 5 میچز جیتے ہیں۔







