
فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ ہم مار کربھاگیں گے نہیں، مکمل جنگ شروع کی ہے، توقع ہے کہ محاذ پھیلے گا،
ہماری جہدو جہد کا مقصد زمین اور مقدس مقامات کی آزادی ہے ،گرفتار کیے گئے زیادہ ترتعداد اسرائیلی فوجیوں کی ہے
جتنے اسرائیلی ہمارے ہاتھ لگے ہیں اس کے بدلے میں اسرائیل ہمارے تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کریگا۔
خلیجی میڈیا ’ الجزیرہ ‘ کی رپورٹ کے مطابق، حماس کے سیاسی بیورو کے نائب سربراہ صالح العروری نے الجزیرہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یرغمال افراد میں زیادہ تعداد اسرائیلی فوجیوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لڑائی اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بھائیوں کی آزادی کا وقت آن پہنچا ہے، جتنے اسرائیلی ہمارے ہاتھ لگے ہیں ان کے بدلے وہ ہمارے تمام قیدیوں کو رہا کر دیں گے،
لڑائی جتنی طول پکڑے گی، اسرائیلی یرغمالیوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یرغمال افراد میں سینئر فوجی افسران بھی شامل ہیں۔ قیدیوں کے حقوق کی ایک این جی او ادمیر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 5200 فلسطینی افراد اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں جن میں 33 خواتین، 170 نابالغ اور 1200 سے زائد افراد انتظامی حراست میں ہیں۔







