
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے کی درخواست نمٹاتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر اوپن کورٹ میں سماعت ہو گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے گزشتہ سماعت پر سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت اور ایف آئی اے کی جانب سے ان کیمرہ سماعت کی درخواست کو یکجا کر دیا تھا۔
گزشتہ سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جب ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کیس کی اوپن کورٹ میں سماعت سے حساس معلومات پبلک ہونے کے اندیشے کا اظہار کیا تھا اور موقف اپنایا تھا کہ اوپن کورٹ میں لانے سے دوسرے ممالک سے تعلقات خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
تاہم بدھ کے دن اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ میں سماعت ہوگی تاہم مخصوص دستاویزات کو ان کیمرہ رکھنے کا فیصلہ وکلا کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر 9 اکتوبر کو دن دو بجے سماعت ہو گی۔







