
اس وقت بٹگرام میں قیامت بپا ہے جہاں چند بچے اپنے استاد کے ساتھ کئی ہزار فٹ بلندی پر زندگی و موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ چیئر لفٹ میں پھنسے استاد گل نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 7 بچے اور وہ خود چیئر لفٹ میں پھنسے ہیں، بچے بہت خوفزدہ ہیں، ایک بچہ بے ہوش ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئر لفٹ میں پھنسے ہوئے 5 گھنٹے سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ گل نواز نے فون پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتظامیہ سے جلد سے جلد ریسکیو آپریشن کی اپیل کی اور کہا کہ بچوں کی حالت تشویشناک ہے، ان کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لفٹ پر زیادہ بوجھ نہیں، عام طور پر اس سے بھی زیادہ افراد اس لفٹ میں سفر کرتے ہیں۔ دوسری جانب کمشنر ہزارہ عامر سلطان ترین کہتے ہیں ہیلی کاپٹر موقع پر پہنچ چکا ہے، حالات کا جائزہ لے رہا ہے، ہوا کے دباؤ کی وجہ سے ہیلی کاپٹر قریب پرواز نہیں کررہا، کیبل کار میں تمام افراد تا حال خیریت سے ہیں۔







