
لاہور( محمد اخلاق اسلم )قومی کرکٹرز کو آئندہ ہفتے سینٹرل کنٹریکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے متعلقہ ڈپارٹمنٹس کے کام کو حتمی شکل دیے جانے کے لیے کام جاری ہے۔کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین مصباح الحق کو آئندہ ہفتے کے دوران سینٹرل کنٹریکٹ پر بریفنگ دی جائے گی اور پھر مصباح الحق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کو سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی منظوری کے بعد قومی کھلاڑیوں کو آئندہ ہفتے سینٹرل کنٹریکٹس پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں اب توسیع کا امکان نہیں ہے، 30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹس میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی، ایک ماہ توسیع کی مدت کل 31 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔





