
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی باتیں نہ کریں، پاکستان نے ادائیگیوں میں آج تک کبھی نہ ڈیفالٹ کیا اورنہ آئندہ کرے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ پاکستان وقت پرسکوک بانڈکی ادائیگی کرے گا اور آنے والی ادائیگیوں کیلئے بھی انتظام ہو رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان دسمبر کے پہلے ہفتے میں یوروبانڈ کی وقت پر ادائیگی کرے گا، پاکستان نے کبھی ادائیگی میں ڈیفالٹ نہیں کیا۔پاکستان کے رسک فیکٹر سے متعلق بے بنیاد باتیں نہ پھیلائی جائیں، ضرورت کے مطابق ایندھن کے ذخائر موجود ہیں لہٰذا پاکستان کےڈیفالٹ ہونے کی باتوں سے اجتناب کیا جائے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی ادارے بھی پوچھتے ہیں کیا یہ افواہیں درست ہیں کہ نہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو اچھے طریقے سے مینج کیا جارہا ہے اور اللہ کے فضل سے ہر چیز ٹھیک چل رہی ہے۔ معیشت سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیے جائیں۔







