
ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) ایبٹ آباد کے علاقہ بانڈہ قاضی میں 10روز پہلے شادی شدہ نوبیاہتا جوڑا کمرے میں گیس سے دم گھٹنے پر جاں بحق ہو گیا ۔
واقعہ گھر کے کمرہ میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے پیش آیا جس کے نتیجہ میں میاں‘بیوی جاں بحق ہوگئے۔
تھانہ میرپور کی حدود میں پولیس ذرائع کے مطابق بانڈہ قاضی میں 25سالہ عبیدولد فاروق خان اپنی اہلیہ مسماۃ(ر)کے ہمراہ کمرہ میں گیس کا ہیٹر جلا کر سوگیا۔ گیس کا پریشر کم ہونے کے باعث ہیٹر بند ہوگیا۔رات بھر کمرہ میں گیس لیک ہوتی رہی۔صبح کمرہ کا دروازہ نہ کھلنے پر اہل خانہ نے کمرہ کا درواز ہ توڑ کر دونوں کو مردہ حالت میں پایا۔
وقوعہ کی اطلاع پر ایس ایچ اوتھانہ میرپورپولیس نفری کے ہمراہ موقع پرپہنچ آئی اوردونوں کی نعشیں قبضہ میں لے کر ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالہ کیں۔
متوفی عبید کے لواحقین کے مطابق اس کی 10 روز قبل شادی ہوئی تھی۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا ۔اچانک افسوس ناک حادثہ نے خوشیوں سے بھرے گھر ہو ماتم کدہ میں بدل دیا ۔
دونوں میاں بیوی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ۔
ایبٹ آباد میں سردیوں کے آغاز میں یہ پہلا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔گزشتہ برس بھی گیس کے کم پریشر سے ایسے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔







