
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق معزول وزیر اعظم نوازشریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ نواز شریف ایک اشتہاری مجرم ہے، حکومت کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکا جائے۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت نے کوئی آرڈر پاس کیا ہے ؟ عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا کہ اس کا فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا، وفاقی حکومت نے کونسا آرڈر پاس کیا ہے؟ وکیل نے کہا کہ یہ درخواست وفاقی حکومت کے پاس بھیج دیں۔
جس کے جواب میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ غیر ضروری چیزوں کو کیسے بھیج دوں؟ کیوں نہ آپ کی درخواست کو جرمانے کے ساتھ خارج کر دوں؟