تازہ ترینخبریںپاکستان

چینی قیادت کا قرضوں کی تجدید پر آمادگی کا اظہار

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ سے مجھے واضح پیغام ملا ہے کہ چین ماضی میں بھی پاکستان کا بااعتماد قابل بھروسہ ساتھی رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

چین میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے تیسرے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی آج ہوانگ شان میں چینی اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہیں ان کے ہم منصب نے بتایا کہ ہم نے چین سے قرضوں کے رول اوور (تجدید) کی درخواست کی تھی جس پر چین کی قیادت نے آمادگی کا اظہار کردیا ہے اور اب مختلف پروسیجرل کارروائیاں مکمل کی جارہی ہیں جس کے بعد اس کا اعلان کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی عالمی سطح پر قلت کا امکان ہے اور چینی قیادت نے یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستان کی ضروریات کا خیال رکھے گا اور پوری مدد دے گا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے آج چین کے شہر ہوانگ شان کے ضلع تونسی میں دو طرفہ ملاقات کی، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس سے قبل 21 مارچ 2022 کو اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button