ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ اورترقی کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ قرض ایشیائی ترقیاتی بینک کے تھرڈکیپٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت دیا جارہا ہے اور اس کی منظوری 2020 میں دی گئی تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی طلب سے استفادے کو یقینی بنایاجائے گا جبکہ متبادل مالیاتی آلات کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی زوخوف نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کے فروغ اور ترقی میں کلیدی شراکت دار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے پروگرام سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومتی قرضوں کے انتظام وانصرام اور مقامی وسائل سے استفادہ کرنے میں بہتری آئے گی اور پائیدار نمو اور معیشت میں استحکام کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کے مالیاتی شعبے پر بینکوں کا غلبہ ہے اور تنوع کی کمی کی وجہ سے مالیاتی تناؤ اور غیر یقینی کے دور کو برداشت کرنے کی قابلیت سے محرومی کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
اے ڈی بی نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تک رسائی کرنے والے سرمایہ کاروں کی تعداد اور سرمایہ اکٹھا کرنے والی کمپنیوں کی تعداد کم ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ بینک کے پروگرام کے تحت پاکستان میں پالیسی اقدامات کی معاونت کی جائے گی، جس سے کیپٹل مارکیٹس کے استحکام کو تقویت ملے گی اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں بھی مددملے گی۔
اے ڈی بی نے بتایا کہ پالیسی اقدامات میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ڈھانچے میں اصلاحات شامل ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی ماہر اقتصادیات ثنا مسعود نے بتایا کہ یہ اصلاحات پیداواری سرمایہ کاری اور خاص طور پر نجی شعبے کے لیے مالی وسائل کو فعال کرنے میں مدد کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے مالی لاگت میں کمی اور نظام میں موجود خرابیوں کو ٹھیک کرنے میں مدد ملے گی۔