پاکستان

مغربی افریقہ میں پھنسے 4 تارکین وطن پاکستان پہنچ گئے، 22 کی واپسی کل سے شروع ہوگی

یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانی تارکین وطن کئی ماہ تک مغربی افریقی ممالک میں پھنسے رہنے کے بعد وطن واپس پہنچنا شروع ہوگئے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ موریطانیہ میں پھنسے 4 پاکستانی ایئرپورٹ پہنچ گئے جبکہ رواں ماہ کے اوائل میں مراکش کے قریب کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے 22 پاکستانیوں کی وطن واپسی پیر سے شروع ہوگی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں افریقی انسانی اسمگلروں نے بحر اوقیانوس میں ایک کشتی پر سوار 40 سے زائد پاکستانیوں کو اس وقت قتل کر دیا تھا جب وہ یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

دفتر خارجہ نے ہفتے کو کہا تھا کہ وہ مراکشی حکام کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے تاکہ زندہ بچ جانے والوں کو گروپوں میں واپس لایا جا سکے۔

رباط میں پاکستانی سفارت خانہ مراکشی حکام کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور وطن واپسی کے پیچیدہ طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔

وطن واپس آنے والے زیادہ تر پاکستانیوں کی لاہور آمد متوقع تھی تاہم پروازوں کے شیڈول کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت موریطانیہ سے 11 پاکستانی شہریوں کی واپسی میں بھی سہولت فراہم کر رہی ہے، ان افراد نے رضاکارانہ طور پر وطن واپسی کا انتخاب کیا ہے اور وہ وطن واپسی کے ایک علیحدہ عمل کا حصہ ہوں گے۔

سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچنے والے چاروں افراد رضاکارانہ طور پر موریطانیہ سے واپس آئے تھے، مرنے والوں کی لاشوں کی واپسی آنے والے ہفتے میں متوقع ہے۔

مراکشی حکام نے شناخت کے لیے ابھی تک 3 سے 5 لاشوں کے فنگر پرنٹس حاصل نہیں کیے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button