سیاسیات

بات چیت ان ہی سے ہوگی جو سب سے بڑے مخالفین ہیں: عمران خان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے جیل سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے مخالفین سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ عمران خان سے منسوب بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بات چیت مخالفین سے ہی ہوتی ہے، جو اس وقت ہمارے سب سے بڑے مخالفین ہیں بات چیت ان ہی سے ہوگی۔‘

تاہم پی ٹی آئی کے مطابق سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے مذاکرات کے لیے ایک شرط بھی رکھی ہے: ’بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہوں لیکن بات چیت تب ہو گی جب ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کیا جائے گا اور جیلوں میں قید ہمارے بے گناہ کارکنان کو رہا کیا جائے گا۔‘

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام مقدمات سننے والے ججوں سے گزارش کرتے ہیں کہ ان کے کیسز کو بلاجواز تاخیر کا شکار نہ کریں بلکہ جلد از جلد فیصلے سُنائیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ’دیر سے فیصلے کرنا بھی ناانصافی ہے سب کو معلوم ہے کہ چاہے القادر ٹرسٹ کیس ہو، عدت کیس یا پھر سائفر کیس ہو یہ تمام مقدمات جھوٹے، بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔‘

جواب دیں

Back to top button