
ریٹائر انسپکٹر بشیرحسین نے پولیس اہلکاروں پرڈکیتی کا الزام عائد کیا ہے، گھر میں پولیس وردی اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکار گھسے۔
تفصیلات کے مطابق ریٹائر انسپکٹر بشیرحسین کا کہنا ہے کہ سعید آباد میں گھر پر پولیس وردی اور سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے کارروائی کی۔ اہلکار گھر سے 4 تولے سونا اور 2 لاکھ روپے لے گئے۔
بشیر حسین نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ 7 سے 8 اہلکار دو پولیس موبائلوں میں سوار تھے۔ پولیس اہلکاروں نے بیٹے کو زدوکوب بھی کیا۔
انھوں نے کہا کہ اہلکاروں سے پوچھنے پر بتایا گیا کہ ہم سی ٹی ڈی گارڈن سے آئے ہیں۔ اہلکاروں نے کہا کہ تمہارے بیٹے قمر کے پاس پستول ہے۔
بشیر حسین نے بتایا کہ اہلکاروں نے کہا کہ تمہارے بیٹے قمر کے پاس پستول ہے، جس پر میں نے جواب دیا کہ بیٹے کے پاس لائسنس یافتہ پستول ہے۔
سعید آباد کےعلاقے سیکٹر 14 سی میں پولیس پارٹی کی مبینہ ڈکیتی کے معاملے پر ایس ایس پی کیماڑی نے واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
ڈی ایس پی سعید آباد واقعے سے متعلق تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔ ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ملوث کرداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔