تازہ ترینخبریںدنیا سے

’اسرائیل نے فوجی مہم بند نہ کی تو۔۔۔‘، پیوٹن کا اہم بیان سامنے آگیا

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے پورے مشرق وسطیٰ میں پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما نے صدارتی دفتر کریملن میں ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی جس میں حماس اور اسرائیل میں جاری جنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر روسی صدر کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ مشرق وسطیٰ سے باہر بھی پھیل سکتی ہے، غزہ میں بے گناہ خواتین، بچوں اور بوڑھوں پر بمباری انتہائی غلط ہے، ہمارا بنیادی کام خونریزی اور تشدد کو روکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فوجی مہم بند نہ کی تو جنگ مزید بڑھنے کا خطرہ ہے۔

ملاقات میں روسی صدر نے اسرائیل کی حمایت کرنے والے مغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مغرب مذہبی منافرت کو دنیا کو غیر مستحکم کرنے کیلیے استعمال کر رہا ہے۔

’مغرب مسلمانوں کے خلاف جرائم پر آنکھیں بند کر لیتا ہے‘

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مغرب تسلط برقرار رکھنے کیلیے مذہبی منافرت کا استعمال کر رہا ہے، مغرب مذہبی منافرت اور عدم برداشت کو ہوا دے رہا ہے، وہ تقسیم کرو اور فتح کرو کے نئے ورلڈ آرڈر کے تحت کام کر رہا ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ مغرب اسلاموفوبیا اور روسوفوبیا کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، آزاد اور خود مختار ممالک کی ترقی روکنے کیلیے مغرب دنیا میں انتشار چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد اور نفرت کی وبا مشرق وسطیٰ کے ساتھ یورپ کو بھی لپیٹ میں لے سکتا ہے، مغرب مسلمانوں کے خلاف جرائم پر آنکھیں بند کر لیتا ہے، مغربی ممالک میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو متاثر کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button