
معروف یو ٹیوبر اور صحافی عمران ریاض خان بازیاب ہو کر واپس گھر آگئے ہیں۔ تاہم اس وقت انکی کیسی حالت ہے ؟ وہ کب منظر عام پر آئیں گے۔ ان سوالات کے کچھ جوابات سامنے آئیں ہیں۔
عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی عمران ریاض کی بازیابی کے بعد اُن سے ان کی رہائش گاہ پر تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ عمران ریاض کی جسمانی اور ذہنی حالت بہت زیادہ اچھی نہیں ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وہ صدمے کا شکار ہیں اور گذشتہ چار ماہ میں ان کا وزن بھی کافی کم ہوا ہے۔ وہ اس وقت صحیح طرح سے بول بھی نہیں پا رہے ہیں، یہاں تک کہ انھیں بات سمجھانے اور جملہ مکمل کرنے میں بھی دقت کا سامنا ہے۔
ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران ریاض کے علاج اور ان کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے وہ ضروری میڈیکل ٹیسٹ کروائیں گے اور ڈاکٹرز سے رجوع کریں گے۔
’مجھے لگتا ہے کہ اس پورے عمل میں کم سے کم تین سے چار ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔ جب وہ مکمل صحتیاب ہو جائیں گے تو ہی ان کی ہدایات پر عمل کر کے قانونی معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔‘