
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے__فوٹو: ای ایس پی این
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلے سیشن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے ہیں جب کہ ایک رن کی برتری حاصل ہے۔
کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل نے 129 گیندوں پر سنچری اسکور کی جب کہ سلمان علی آغا 83 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے ٹیسٹ میں چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے طویل شراکت داری کی، اس وقت کریز پر سعود 164 گیندوں پر 119 رنز کے ساتھ موجود ہیں جب کہ ان کا ساتھ نعمان علی دے رہے ہیں جنہوں نے 49 گیندوں پر 13 رنز بنائے ہیں۔
گال میں میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔
کھیل کا دوسرا روز:
سری لنکن اننگز
گزشتہ روز دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے اسکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 312رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی جنہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جب کہ آغا سلمان نے ایک وکٹ لی۔
پاکستانی اننگز
دوسری جانب پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا، عبداللہ شفیق 19 ، امام الحق 1، کپتان بابر اعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے اور شان مسعود نے 39 رنز اسکور کیے۔
بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، گزشتہ روز بھی بارش کے سبب میچ روکنا پڑا تھا۔
کھیل کا پہلا روز
گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کیے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، 2 مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔
کھیل کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔