
امریکا نے ایران کے شہر اصفہان پر بنکر بسٹر بموں سے حملہ کر دیا، جس کی ویڈیو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے سے چند گھنٹے قبل جنگ کے خاتمے کا عندیہ دیا تھا۔
امریکی صدر نے ایران میں 1 ہزار کلو گرام وزنی بنکر بسٹر بموں سے ہونے والے ایک بڑے دھماکے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکے آج (منگل کی) علی الصبح شہر اصفہان میں ہوئے، ویڈیو میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوتے دکھائی دیتے ہیں، جن کے بعد آگ کے شعلے رات کے تاریک آسمان کو نارنجی روشنی سے روشن کر دیتے ہیں
ٹرمپ نے ویڈیو کے حوالے سے کوئی سیاق و سباق فراہم نہیں کیا، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملوں کی فوٹیج ہے، جس میں اصفہان کے ایک بڑے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اصفہان کی آبادی تقریباً 23 لاکھ ہے، یہ بدر فوجی ایئر بیس کا بھی مرکز ہے







