
امریکی بحریہ کا جنگی جہاز جنوبی بحیرۂ چین میں 4 دن تک بجلی سے محروم رہا، بیت الخلاء، کچن اور ایئر کنڈیشننگ بھی بند رہی۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی بحریہ کا گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس بین فولڈ (USS Benfold) گزشتہ ماہ جنوبی بحیرۂ چین کی شدید گرمی میں 4 دن تک بجلی کے بغیر رہا، جس کے باعث جہاز کے بیت الخلاء، کچن کی سہولتیں اور ایئر کنڈیشننگ کام نہیں کر رہی تھیں۔
امریکی ساتویں بحری بیڑے کے ترجمان کمانڈر میتھیو کومر کا امریکی میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ یہ واقعہ جنگی جہاز کے اندر انجینئرنگ کی خرابی کے باعث پیش آیا
انہوں نے کہا کہ خرابی سے تقریباً 10 ہزار ٹن وزنی جہاز ناصرف حرکت کرنے کی صلاحیت سے محروم ہو گیا بلکہ اس کے کچن، بیت الخلاء، ایئر کنڈیشننگ اور پینے کے پانی کی سہولتیں بھی متاثر ہوئیں، دیگر امریکی جنگی جہازوں نے عملے کو مدد فراہم کی۔
کمانڈر میتھیو کومر نے کہا کہ جہاز کو مرمت کے لیے فلپائن کے سبک بے (Subic Bay) تک کھینچ کر لے جایا گیا، مرمت کا کام 8 اگست تک مکمل ہو گیا اور جہاز دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آ گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی بندش کی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں







