
جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مسلسل شکستوں کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے، جبکہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کے اہم ارکان کی چھٹی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل ناکامیوں نے ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی متاثر کیا ہے۔ جنوبی افریقا کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان اختلافات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان بھی معاملات خوشگوار نہیں رہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوتم گمبھیر کے سپورٹ اسٹاف کا ایک اہم رکن آئی پی ایل کی ایک فرنچائز سے وابستہ ہو سکتا ہے، جبکہ ایک اور رکن کے بھی ٹیم چھوڑنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا اہم جائزہ اجلاس ہوگا، جس میں ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کی وجوہات کا جائزہ لینے کے ساتھ کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت کو پہلے جنوبی افریقا نے ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا، پھر آئرلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کیا، جبکہ انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں بھی بھارتی ٹیم ابتدائی تین میچ ہار کر سیریز گنوا چکی ہے۔







