
علامہ ناصر مدنی صحت یاب، ملتان کارڈیالوجی اسپتال سے ڈسچارج
ملتان: معروف مذہبی اسکالر علامہ ناصر مدنی کو طبیعت میں نمایاں بہتری آنے کے بعد کارڈیالوجی اسپتال ملتان سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق وہ اب خیریت سے ہیں اور انہیں ضروری احتیاطی تدابیر کے ساتھ گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ضلع خانیوال کی تحصیل جہانیاں میں نمازِ جمعہ سے قبل خطاب کے دوران علامہ ناصر مدنی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق خطاب کے دوران وہ اپنی کرسی پر ہی گر پڑے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مزید علاج کے لیے کارڈیالوجی اسپتال ملتان ریفر کیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری رہا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق علاج کے دوران ان کی حالت تسلی بخش رہی اور صحت میں مسلسل بہتری آتی گئی۔
ڈاکٹروں نے طبی معائنے اور علاج مکمل ہونے کے بعد علامہ ناصر مدنی کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا۔ اہلِ خانہ نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب خیریت سے ہیں اور ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق آرام کر رہے ہیں۔
علامہ ناصر مدنی کی اچانک علالت کی خبر سامنے آنے پر ملک بھر سے علما، طلبہ اور عقیدت مندوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی تھیں۔ ان کی صحت یابی اور اسپتال سے ڈسچارج ہونے کی خبر پر ان کے چاہنے والوں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے
#NasirMadni #molananasirmadni #heartattack #Multan #muslim







