
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد کو ریاض میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ منگل کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعیدالمالکی نے ملاقات کی جس میں پاکستان سعودی عرب دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے گذشتہ ماہ دورہ پاکستان کے حوالے سے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی ہم منصب پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بین الاقوامی دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت دی گئی جو 6 سے 9 مارچ کو سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات میں سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود کا دورہ پاکستان انتہائی سود مند تھا، سعودی وزیر داخلہ کی پاکستان آمد سے پاک سعودی دو طرفہ تعلقات میں نئی جہت پیدا ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط میں مزید وسعت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ سعودی وزیر داخلہ کی دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت پر ان کے ممنوں ہیں، دفاعی کانفرنس کی افتتاحی تقریب شامل ہونے کی بھر پور کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو بھائی ہیں،سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معاونت کی ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سیاحت اور تجارت کو فروغ دینے کےلئے اقدامات لے رہے ہے، سعودی عرب کے عوام پاکستان کے لئے انتہائی نیک جذبات رکھتے ہیں۔