
انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو پیش آنے والے جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں کے کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی سمیت چھ ملزمان کو بری کر دیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
شیر پاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے افتخار احمد اور رانا تنویر کو بھی بری کر دیا جبکہ خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن اور افضال عظیم پاہٹ کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ برہان معظم اور رانا مدثر عمر نے ملزمان کی پیروی کی جبکہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے دہشتگردی اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
ادھر انسدادِ دہشت گردی عدالت سرگودھا نے بھی 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر، ایم این اے احمد چھٹہ اور رانا بلال کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا دے دی۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں شدید ردِعمل سامنے آیا تھا کہ جس میں سرکاری و عسکری املاک پر حملے کیے گئے۔ ان واقعات کو پاکستان کی سیاسی تاریخ کے بدترین مظاہروں میں شمار کیا جاتا ہے، جس کے بعد متعدد سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشتگردی کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔
مزید فیصلے آنے کا امکان ہے کیونکہ دیگر شہروں میں بھی اس دن کے واقعات کے مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔