Column

ہنگو، مالاکنڈ میں آپریشنز: فتنہ الہندوستان کے 14دہشت گرد ہلاک

ہنگو، مالاکنڈ میں آپریشنز: فتنہ الہندوستان کے 14دہشت گرد ہلاک
پاکستان نے 2015ء میں، 15برس تک جاری رہنے والی دہشت گردی پر کافی کوششوں کے بعد کامیابی کے ساتھ قابو پایا تھا۔ پہلے آپریشن ضرب عضب اور پھر ردُالفساد کے ذریعے ملک بھر میں دہشت گردوں مارا، گرفتار کیا گیا، ان کے ٹھکانوں کو تباہ و برباد کر ڈالا گیا۔ دہشت گردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی گئی۔ زیادہ تر مارے اور گرفتار کیے جاچکے تھے، جو بچ رہے، اُنہوں نے یہاں سے فرار میں ہی اپنی عافیت جانی۔ ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی۔ قوم نے سکون کا سانس لیا۔ اُن پر مسلط دہشت گردی کے سایوں سے جان چھوٹی۔ 7سال تک حالات بہتر رہے، لیکن جیسے ہی افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا ہوا اور وہاں عبوری حکومت کا قیام عمل میں آیا تو اُس کے بعد سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پھر سے رونما ہونے لگے۔ اس بار ابتدا میں سیکیورٹی فورسز کو خاص نشانہ بنایا جاتا رہا۔ کبھی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملوں کی ناکام کوششیں کی گئیں تو کبھی قافلوں کو نشانہ بنایا گیا، کبھی اہم تنصیبات پر دھاوے بولے گئے۔ کبھی افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی ناکام کوششیں کی گئیں۔ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی مقاصد کے لیے مسلسل استعمال ہوتی رہی، پاکستان یہ معاملہ افغان عبوری حکومت کے ساتھ مستقل اُٹھاتا رہا، لیکن اُس کی جانب سے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور ہر بار کوئی نہ کوئی نئی منطق گھڑی گئی۔ بھارت پاکستان میں سالہا سال سے امن و امان کی صورت حال کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔ بلوچستان میں کئی سال سے بدامنی پھیلارہا ہے۔ اپنے جاسوسوں اور زرخرید دہشت گردوں کے ذریعے بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے۔ اسی طرح کے پی کے میں بھی اپنے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ذریعے امن مخالف مذموم کوششیں کر رہا ہے۔ جنگِ مئی میں تاریخی چھترول کے بعد بھارت سٹپٹایا ہوا ہے اور اس کے پالے ہوئے فتنوں کی جانب سے پاکستان کے مختلف حصّوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور بڑی کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔ بہت سارے دہشت گرد مارے اور گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ متعدد علاقوں کو ان سے کلیئر کرایا جاچکا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 14دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے۔ ہنگو اور مالاکنڈ میں آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 14خوارجی دہشت گرد مارے گئے جبکہ ڈی پی او ہنگو سمیت 4افسر زخمی ہو گئے۔ ضلع ہنگو میں پولیس اور ٹل سکائوٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، زرگیری، شناوڑی سمیت دیگر علاقوں میں ٹارگٹ آپریشن کیا گیا، پولیس حکام نے بتایا کہ ہنگو کے علاقے شناوڑی میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ڈی پی او محمد خالد اور ایس ایچ او تھانہ دوآبہ نبی خان زخمی ہوئے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او کو 4گولیاں لگیں جبکہ ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہوئے۔ پولیس اور ایف سی کا ہنگو میں دہشت گردوں کی اطلاع پر بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، علاقے میں کرفیو نافذ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ آپریشن میں متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ڈی پی او ہنگو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہے تھے، آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے، ڈی پی او ہنگو کو بھی گولی لگی، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ آئی جی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ ادھر ضلع مالاکنڈ میں بھی پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن کے دوران 5دہشت گرد ہلاک اور 2زخمی ہوگئے جبکہ 8کو گرفتار کرلیا گیا۔ درگئی تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ خان نے بتایا کہ مالاکنڈ کے مہردے علاقے میں بڑا آپریشن کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کو سی ٹی ڈی سینٹر جب کہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال درگئی منتقل کر دیا گیا۔ اے سی درگئی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروہ علاقے میں دہشت گرد حملوں میں ملوث تھا۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنگو آپریشن میں 9خوارجی دہشتگردوں کی ہلاکت پر پولیس کو شاباش دی اور زخمی ڈی پی او، ایس ایچ او کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قوم متحد ہے، دہشت گردوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی ڈی پی او محمد خالد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ڈی پی او سے کہا کہ آپ قوم کے سر کا تاج ہیں، آپ پر فخر ہے۔ ہنگو اور مالاکنڈ میں آپریشنز میں 14دہشت گردوں کی ہلاکت بڑی کامیابی ہے۔ اس پر فورسز کے کردار کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔ ہنگو آپریشن کے دوران ڈی پی او سمیت 3بہادر زخمی پولیس افسران نے جانفشانی کی عظیم مثال قائم کی ہے۔ قوم ان کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازی قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پاکستان بہادر سپوتوں کی حامل سرزمین ہے، جو مٹ تو سکتے ہیں، لیکن اپنے وطن پر آنچ اُنہیں گوارا نہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز اور کارروائیاں جاری ہیں، یقین ہے کہ جلد تمام فتنے اپنے انجام کو پہنچیں گے اور امن و امان کی صورت حال بہتر ہوگی۔ ملک ترقی اور کامیابی کی جانب تیزی سے قدم بڑھاتے ہوئے جلد عالمی سطح پر ممتاز مقام حاصل کرے گا۔
شاباش عالمی چیمپئن محمد آصف
کھیلوں کی دُنیا سے ہر کچھ عرصے بعد ایسی خوش کُن اطلاع سامنے آتی ہے، جس سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے۔ عالمی سطح پر سبزہلالی پرچم کی توقیر میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ موقع ہر پاکستانی کے لیے اطمینان اور خوشی کا باعث بنتا ہے۔ محمد آصف ماضی میں عالمی چیمپئن بنے تھے، اس وقت بھی عالمی چیمپئن کا اعزاز اُن کی دسترس میں ہے۔ کئی اہم چیمپئن شپس اپنے نام کر چکے ہیں۔ اُن کی کامیابی کا سفر رُکا نہیں ہے، وہ مزید اپنے اور ملک کے لیے اعزازات حاصل کرنے کی جستجو میں رہتے ہیں۔ گزشتہ روز اُنہوں نے بھارتی حریف وجے برجیش دامانی کو سخت مقابلے کے بعد پچھاڑتے ہوئے عالمی ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ عالمی چیمپئن محمد آصف نے عالمی ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کے وجے نجانی کو شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔ بحرین کی دارالحکومت منامہ میں کھیلے گئے عالمی ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کھلاڑی، عالمی چیمپئن محمد آصف نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارتی حریف وجے نجانی برجیش دامانی کو 3-4سے قابو کرکے ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔ منامہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فائنل میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا، ایک موقع پر مقابلہ 2-2فریمز سے برابر تھا۔ آخری فریم میں پاکستانی کیوئسٹ نے بالادستی قائم کرکے بھارتی حریف کو شکست سے دوچار کرکے عالمی ماسٹر چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ محمد آصف نے سیمی فائنل میں بھارت ہی کے منان چندرا کو 2-4، کوارٹر فائنل میں میزبان کھلاڑی حبیب صباح کو 0-4اور پری کوارٹر فائنل میں متحدہ عرب امارات کے کیوئسٹ محمد شہاب کو 2-4سے شکست دی تھی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے محمد آصف کو عالمی اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ محمد آصف نے شاندار کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، عالمی مقابلے میں کامیابی پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیت، عزم اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس اعلیٰ کارکردگی پر محمد آصف ہر لحاظ سے مبارک باد اور تحسین کے مستحق ہیں۔ اسنوکر کی دُنیا میں پاکستان کے لیے اُنہوں نے کافی ساری کامیابیاں سمیٹی ہیں اور آئندہ بھی ملک کو بڑے اعزازات کا حق دار بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button