
بھارت میں ایک شخص کو سانپ ریسکیو کرکے اس کے ساتھ کرتب کرنا مہنگا پڑگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گونا میں پیش آیا جہاں 42 سالہ دیپک مہاور سانپوں کو ریسکیو کرنے کا کام کرتا تھا۔
دیپک کو بربت پورہ گاؤں سے زہریلے سانپ کی موجودگی کی کال موصول ہوئی جس پر وہ فوری سانپ کو ریسکیو کرنے پہنچ گیا جب کہ اسی دوران دیپک کو اس کے بیٹے کے اسکول سے بھی کال آئی اور بیٹے کو اسکول سے لینے کا کہا گیا۔
دیپک نے پہلے زہریلے کوبرا کو ریسکیو کیا اور پھر اسے گلے میں ڈال کر اپنے بیٹے کو اسکول سے لینے چلا گیا کہ راستے میں لوگ اسے دیکھ کر حیران ہوئے اور اس کی ویڈیو بنائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹے کو اسکول سے گھر لانے کے بعد سانپ نے دیپک کے ہاتھ پر کاٹ لیا جس سے وہ بےہوش ہوگیا اور اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی صحت میں بہتری آئی اور اسے گھر بھیج دیا گیا تاہم بدقسمتی سے آدھی رات میں اس کی طبیعت اچانک بگڑی اور وہ دم توڑ گیا۔
رپورٹس کے مطابق دیپک سانپ ریسکیو کرنے میں شہرت رکھتا تھا اور اس نے سیکڑوں سانپوں کو آبادی سے ریسکیو کرکے جنگل میں آزاد کیا تھا