
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور ایران ’تقریباً ایک ہی وقت میں‘ ان کے پاس آئے اور کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر لکھا کہ اسی لمحے مجھے احساس ہوا کہ فیصلہ کن گھڑی آ چکی ہے۔
اس جنگ بندی کے حوالے سے جس کا انھوں نے اعلان کیا، ٹرمپ نے مزید لکھا ’اس میں اصل فتح ساری دنیا اور مشرقِ وسطیٰ کی ہوئی ہے۔ دونوں ممالک اپنے مستقبل میں بے پناہ محبت، امن اور خوشحالی دیکھیں گے۔‘
اگرچہ ایران نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے اُس وقت بند کرے گا جب اسرائیل بھی حملے بند کرے گا لیکن فی الحال ایران یا اسرائیل میں سے کسی نے بھی جنگ بندی کو باقاعدہ طور پر قبول نہیں کیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر لکھا ’یہ دونوں ممالک بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں لیکن اگر وہ سیدھے راستے اور سچائی کے راستے سے ہٹتے ہیں تو بہت کچھ کھو بھی سکتے ہیں۔ اسرائیل اور ایران کا مستقبل بے حد روشن اور امکانات سے بھرپور ہے۔ خدا آپ دونوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔‘