
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ میں سینیئر سکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان سے واشنگٹن میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی اور تعاون پرمبنی سکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکا کا سرکاری دورہ جاری ہے جہاں انھوں نے امریکی تھنک ٹینکس اور سٹریٹیجک امور کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے جس کے باعث پاکستان کے سٹریٹیجک وژن کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی غیرمعمولی صلاحیتوں پر بھی روشنی ڈالی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، ذراعت اور معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کو اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی جبکہ اس گفتگو کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ’بعض علاقائی عناصر دہشتگردی کو ہائبرڈ وار فیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے، پاکستان نے ایک محفوظ دنیا کے لیے بے پناہ انسانی اور معاشی قربانیاں دی ہیں۔‘