تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

ڈونلڈ ٹرمپ سے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا تھا۔ انھوں نے یہ بات آرمی چیف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات کے بعد ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی جنرل منیر سے ایران کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے اور ’وہ ایران کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔۔ شاید دوسروں سے بہتر۔۔ اور وہ اس صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔
کھانے کے بعد انھوں نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے (پاکستان انڈیا) جنگ روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور ’میں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے باعثِ اعزاز سمجھتا ہوں۔
آرمی چیف عاصم منیر کے ساتھ لنچ اور ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی پاکستانی جنرل سے ایران کے حوالے سے کوئی بات ہوئی۔
جس پر امریکی صدر کا کہنا تھا ’وہ ایران کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔۔ شاید دوسروں سے بہتر۔ اور وہ اس صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔ یہ نہیں کہ ان کے اسرائیل سے تعلقات خراب ہیں، وہ دونوں کو جانتے ہیں، درحقیقت شاید ایران کو زیادہ بہتر جانتے ہیں۔ لیکن وہ دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے اور انھوں نے مجھ سے اتفاق کیا۔‘

ٹرمپ نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ جنرل منیر نے ان سے کس بات پر اتفاق کیا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ’میں نے انھیں یہاں اس لیے بلایا کیونکہ میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا تھا کہ انھوں نے جنگ کی طرف قدم نہیں بڑھایا۔‘

خیال رہے اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ ان کی کوششوں کی بدولت پاکستان اور انڈیا کے مابین جوہری جنگ کا خطرہ ٹل گیا تھا۔

امریکی صدر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں وزیر اعظم مودی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو چند دن پہلے یہاں سے گئے۔ ہم انڈیا اور پاکستان دونوں کے ساتھ تجارتی معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ یہ دونوں بہت ذہین لوگ ہیں (فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مودی) اور انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس جنگ کو آگے نہیں بڑھائیں گے جو ممکنہ طور پر ایٹمی جنگ بن سکتی تھی۔ پاکستان اور انڈیا دونوں بڑی نیوکلیئر طاقتیں ہیں۔ اس لیے میرے لیے آج ان سے (فیلڈ مارشل عاصم منیر) سے ملاقات کرنا باعثِ اعزاز تھا۔

جواب دیں

Back to top button