
ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بڑا حملہ کرتے ہوئے 100 کے قریب میزائل داغ دیے جس میں 4 اسرائیلی ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حیفہ میں ایران کے میزائل حملوں میں پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی ، حیفہ پاور پلانٹ پر میزائل حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی۔
تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکے سنے گئے۔ اسرائیل کے دفاعی نظام نے کئی حملوں کو فضا میں ناکام بنانے کی کوشش کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور حیفہ پر ایران کے تازہ میزائل حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات بھی ایران نے اسرائیل کے متعدد مقامات پر میزائل حملے کئے تھے جس میں کئی عمارتیں متاثر ہوئی تھیں۔حیفہ میں ایرانی میزائل حملے سے 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ایرانی میڈیا کا اسرائیل کے بن گورین ائیر پورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ
ایرانی میڈیا نے اسرائیل کے بن گورین ائیر پورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اسرائیلی فضائیہ نے بھی ایران سے آنے والے متعدد ڈرونز کومار گرانے کا دعویٰ کیا۔
اس سے پہلے جمعہ کی رات سے ایران کے جوابی میزائل حملوں سے تل ابیب، حیفہ، تامرا، قیصریہ سمیت کئی اسرائیلی شہروں میں تباہی ہوئی، کئی عمارتیں کھنڈر بن گئیں،حملوں میں 14 افراد ہلاک، 300سے زیادہ زخمی ہوئے۔