تازہ ترینخبریںدنیا

احمد آباد طیارہ حادثہ: اب تک 120 ہلاکتوں کی تصدیق

بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 120 مسافر ہلاک ہوگئے، شہری آبادی پر طیارہ گرنے کے بعد کئی زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، ہندوستان ٹائمز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 120 مسافر ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے، طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق بھارت کے وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں ’بہت سے افراد‘ ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ریسکیو نے 30 لاشیں نکال لی ہیں، تاہم درجنوں افراد اب بھی اس عمارت میں موجود ہیں، جس سے طیارہ ٹکراکر تباہ ہوا، کئی زخمی زیر علاج ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں 242 افراد سوار تھے جن میں 217 بالغ اور 11 بچے تھے، ایئر انڈیا کے مطابق ان میں سے 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی، اور ایک کینیڈین تھا، مسافروں میں سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی شامل ہیں۔

جواب دیں

Back to top button