
تھیٹر و ڈراما کی اداکارہ روبی انعم نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے افیئرز کو خفیہ نہیں رکھا، ان کے تمام سابقہ معاشقوں کا علم ان کے شوہر کو بھی ہے۔
روبی انعم نے حال ہی میں انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ نویں جماعت میں پڑھتی تھیں، تب انہوں نے تھیٹر میں اداکاری کی شروعات کی۔
ان کے مطابق ان کے ساتھ پڑھنے والی ایک طالبہ کے والد تھیٹر پروڈیوسر تھے، انہوں نے انہیں دیکھتے ہی کام کی پیش کش کردی، ساتھ میں اپنی بیٹی کو بھی تھیٹر میں متعارف کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ والدہ نے ان کے تھیٹر میں کام کی مخالفت کی جب کہ خاندان کے دوسرے افراد نے بھی ان کے فیصلے کو اچھا نہیں سمجھا، تاہم والد نے ان کے کام کی حمایت کی۔
انہوں نے بتایا کہ تھیٹر میں کام کرنے کی خاطر انہوں نے اپنی منگنی بھی ختم کی لیکن انہیں کوئی افسوس نہیں۔
اداکارہ کے مطابق بچپن میں وہ مردانہ زندگی گزارتی تھیں، انہیں میک اپ اور بناؤ سنگھار کا بھی شوق نہیں تھا، وہ ہمیشہ لڑکوں کے کپڑے پہنتی تھیں۔
روبی انعم نے بتایا کہ ماضی کے مقابلے اب تھیٹر بہت تبدیل ہو چکا ہے، آںے والی نئی لڑکیاں پرفارمنس کے بجائے صرف ڈانس پر توجہ دے رہی ہیں اور اب تھیٹر کی ضرورت بھی رقص رہ گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کے ماضی میں متعدد افیئرز، معاشقے اور دوستیاں رہیں، انہوں نے کبھی کوئی چیز خفیہ نہیں رکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے معاشقے بہت کیے لیکن شادی ایک ہی کی جب کہ ان کے شوہر کو ان کے سابق تمام معاشقوں اور افیئرز کا علم ہے۔
روبی انعم کے مطابق انہوں نے تاخیر سے شادی کی لیکن اب اپنی شادی شدہ زندگی خوش اور مطمئن ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں ایک شادی شدہ مرد سے بھی سچی محبت ہوگئی تھی اور وہ ان سے شادی بھی کرنا چاہتی تھیں لیکن والدہ نے انہیں شادی شدہ شخص سے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی اجازت نہیں دی۔